122

مشہور لوگوز میں چھپے دل چسپ پیغامات

تحریر: عاطف حسین شاہ


انسان کی فطرت میں ازل سے اِک جستجو پائی گئی ہے۔ جستجو کی آڑ میں یہ ہرپل کھوجی کا روپ دھارے پھرتا ہے۔یہی کھوج اسے معرفت سے ہمکنار کرتی ہے۔ پروردگار نے یہ صفت انسان کو ودیعت کرنے کے ساتھ ساتھ کائنات کے ذرے ذرے میں بھید رکھ چھوڑے ہیں۔ ہر بھید منطق کو جنم دیتا ہے، جس کی روشنی میں انسان اس بھید کو کھولنے کی کوشش کرتا ہے،پھر اپنی بصیرت کے بقدر اس میں چھپے پیغام کو سمجھ پاتا ہے۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہر مادے میں پیغام کیوں پوشیدہ ہوتا ہے؟
معززقارئین!یہ پیغام اس مادے کی اہمیت کو آشکار کررہا ہوتا ہے۔ اہلِ ثروت اس دل چسپ امر سے بخوبی واقف ہیں۔ وہ اسے بروئے کار لاتے ہوئے اپنی ایجادکردہ اشیا کی اہمیت کو متاثرکن انداز میں پیش کردیتے ہیں۔علاوہ ازیں اس پیغام سے جڑے کئی عوامل خریداروں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔آپ نے اکثر کمپنیوں کے مختلف اشتہارات کو ناکام ہوتے دیکھاہوگا،تاہم گزرتے وقت کے ساتھ آپ انھیں فراموش کرتے جاتے ہیں۔کبھی آپ نے غور کیا،ایسا کیا ہے جو ہمیشہ ایک سارہتا ہے؟قارئین محترم!یہ ان کا لوگوہے۔ logosپر طائرانہ نظر ڈالتے ہوئے آپ فورًا متعلقہ کمپنی کی شناخت کرلیتے ہیں مگر کبھی آپ نے رک کر ان کابغورمشاہدہ کیا؟ چلیں آسانی کے لیے ہم آپ کو چند مشہور کمپنیوں کے لوگوکے متعلق جان کاری دیتے ہیں،جن میں چھپے پیغام کو دیکھتے ہوئے آپ حیران رہ جائیں گے۔ یقینًاآپ نے ایک برانڈ HYUNDAI دیکھا ہو گا۔ اس کے لوگو میں آپ کو غور کرنے پر ایک تصویر نظر آئے گی،جس میں دو شخص آپس میں مصافحہ کرتے ہوئے دکھائی دیں گے۔یہ علامت کمپنی اور گاہک کے درمیان ایک رشتے کو نمایاں کرتی ہے۔
FedExلوگو میں ذرا غور کرنے پر آپ کو Eاور xکے درمیان ایک تیر نظر آئے گا۔ یہ تیرمستقل رفتار اور نقائص سے پاک اصلیت کی نشان دہی کرتا ہے۔ یہ دنیا کا ایک شاندار اورمشہورڈیزائن کردہ لوگوہے۔
TOYOTA کمپنی کے لوگو میں بیضوی شکل کی تین علامات ہیں۔یہ کمپنی اور گاہک کے مابین خوب صورت تعلق کی فضا ظاہر کرتے ہیں۔علاوہ ازیں اسی لوگو میں TOYOTA نام کے تمام حروف دیدہ زیب انداز میں آپ کی بصارتوں کی نذر ہیں۔
NORTHWEST AIRLINES کے لوگو میں دراصل دوپیغام چھپے ہیں۔پہلاپیغام ساخت کی بابت ہے،جس میں Nاور Wمتضادوقفے کے ساتھ موجود ہیں۔دوسرا پیغام دائرے میں موجود تکون ایک کمپاس کی علامت ہے۔
BASKIN ROBBINSکے لوگو میں آپ کو گلابی رنگت میں BR دکھائی دے گا،جس پر غور کرنے سے اکتیس کا عددابھر کرآپ کے سامنے آئے گا۔یہ اس طرف اشارہ ہے کہ اس آئیس کریم میں اکتیس ذائقے پائے جاتے ہیں۔یہ جان کریقینًا آپ کا منہ پانی سے بھرگیا ہو گا۔
بعض لوگو انتہائی حیران کن ہوتے ہیں،کیوں کہ ان کی تخلیق میں جدت شامل ہوتی ہے۔ ایک بہت مشہور کمپنی جسے آپ UNILEVER کے نام سے جانتے ہیں۔اس کا لوگو چھبیس مختلف شبیہوں کا مجموعہ ہوتاہے۔ہرشبیہ اپنی پیداواراورخدمات کی نمائندگی کرتی ہے۔ یونی لیور کے لوگوکا ڈیزائن اس بات کا غماز ہے کہ یہ تقریبًا ہرقسم کی پیداوار پرمشتمل ہے۔ اس کے لوگو میں علامتی طور پر چمچ،آئس کریم،چائے،ہاتھ اور بہت کچھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔اس میں موجود ہرشبیہہ کمپنی کی تیارکردہ اشیا کی عکاسی کرتی ہے۔ U کاہرحصہ اپنا جداگانہ معنی رکھتا ہے۔
ایک اور دل چسپ لوگوجس سے آپamazonکے نام سے متعارف ہیں۔اس لوگو کو ایک نظر دیکھنے سے آپ کوپیلی لائن سے بنا ایک مسکراتا چہرہ محسوس ہوگااور غیرارادی طور پر آپ کا چہرہ خوشی سے تمتما اُٹھے گا۔لیکن آپ شایداس سے بے خبرہوں کہ اس میں مسکراتے چہرے کے علاوہ بھی کچھ موجودہے۔پیلی لائن کی پیروی کرتے ہوئے لفظ پرغور کیجیے۔آپ واضح طورپردیکھ پائیں گے کہ یہ لائن aسے شروع ہوئی z پر ختم ہورہی ہے۔آپ کا مسکراتا چہرہ بتا رہا ہے کہ لوگو میں چھپا پیغام آپ کی پکڑ میں آگیا ہے۔ جی ہاں قارئین! یہاں aسے zسب کچھ فروخت کیاجاتا ہے۔
ہرخاص و عام تک رسائی حاصل کرنے والی ایک مشہور کمپنی کوکاکولا کا لوگو بھی خاصا حیران کن ہے۔ COCACOLA کمپنی کے نمائندگان کا دعویٰ ہے کہ یہ لوگو خالصتًا غیراتفاقیہ ہے۔ تاہم وہ یورپ میں اس سے بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہیں۔اس لوگو میں اگر آپ Oاور Lکے ملاپ کو دیکھیں تو وہاں آپ واضح طورپر ڈنمارک کا جھنڈا دیکھ پائیں گے۔
IBM کے لوگو میں پوشیدہ پیغام پوری دنیا میں کمپنی کی دل چسپ اندازمیں نمائندگی کرتا ہے۔لوگو میں موجودمحو سفر سفید لائنیں مساوات کی علامت ہیں۔
کیا آپ Apple کمپنی کی پراڈکس کے دلدادہ ہیں؟یقینًا اس سوال کے ساتھ ہی آپ کے دماغ میں سیب کی تصویر ابھر ی ہوگی۔ قارئین!ایک سروے کے مطابق Appleدنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کی کمپنی ہے۔اس کا ہیڈکواٹر کیلیفورنیا میں واقع ہے۔یہ الیکٹرانکس پر مبنی اشیا تیارکر کے فروخت کرتی ہے۔Apple کا پہلا لوگو Ronald Wayne نے ڈیزائن کیا،جس میں سرآئزک نیوٹن سیب کے درخت کے نیچے بیٹھے دکھائی دیتے ہیں۔ جلد ہی اسے Rob Johnoff’s نے رین بو کے رنگوں سے مزین لوگو میں تبدیل کردیا۔اس لوگو میں سیب کو ایک جانب سے دانتوں کی مدد سے کاٹا گیاتھا۔
آپ کو یہ جان کرحیرت ہو گی کہ یہ لوگوAlan Turing کو خراج تحسین پیش کرتاہے۔Turingنظریاتی کمپیوٹر کی ترقی کی ایک بلند پایہ شخصیت تھی۔ Alan 1954؁ میں Cyanideکے اثر سے لقمہ اجل بنا۔اس کے مردہ جسم کے قریب اَدھ کھایا سیب پایا گیا۔یہی اس لوگو کی بنیاد بنی۔
آپ کے گردوپیش کاروباری لوگوتسلسل سے آپ پر پیغامات کی بوچھاڑ کرتے ہیں۔یہ کمپنی کے خفیہ پیغامات حیرت انگیز انداز میں آپ تک پہنچاتے ہیں اور یوں آپ کمپنی کا ویژن سمجھ پاتے ہیں۔
تحریر پسند آنے کی صورت میں اپنے دوستوں کے ساتھ ضرور شئیر کریں اور ہمیں اپنی قیمتی آرا سے ضرور آگاہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں