حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے قبل ازوقت انتخابات نہ کرانےکا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ن لیگ اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شکست اور دیگر سیاسی معاملات پر غور و خوض کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے اجلاس میں قبل ازوقت انتخابات نہ کرانےکا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت اپنی آئینی مدت ہر حال میں پوری کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج مسلم لیگ ن ،اتحادی جماعتوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرے گی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کل لاہور میں اتحادی جماعتوں کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 15 اور مسلم لیگ (ن) نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ ایک نشست آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔