پنجاب کے لوک کھیل ___ گلی ڈنڈا

یہ پنجاب کا ہر دل عزیز اور پُرلطف کھیل ہے۔ یہ پنجاب سے باہر دیگر علاقوں میں بھی کھیلا جاتا ہے۔ اِس کھیل میں کھلاڑیوں کی مخصوص تعداد نہیں ہوتی اور نہ ہی گُلی اور ڈنڈے کا مقرر کردہ ماپ ہوتا ہے۔ اس کھیل میں باری لینے کے لیے کھلاڑی ڈنڈے سے گُلی کی بھیتیاں (بچیاں) نکالتے ہیں۔ (یعنی ہوا میں ہی ڈنڈے کو گُلی سے ٹکراتے رہنا) جتنی بار ڈنڈا ٹکراتا ہے، بھیتیوں کی تعداد اتنی شمار کی جاتی ہے۔ زیادہ بھیتیاں نکالنے والا پہلی باری چلتا ہے۔
باری لینے والا کھلاڑی زمین پر دائرہ کھینچ کر اُس کے درمیان کھودے گئے حصے پر گُلی رکھ کر ڈنڈے کی مدد سے اُچھالتا ہے اور ڈنڈے کو کھودے گئے نشان پر رکھ دیتا ہے۔مخالف کھلاڑی دُور گئی گُلی کو اُٹھا کر ڈنڈے پر نشانہ لگاتا ہے۔ اگر گُلی ڈنڈے پر لگ جائے یا کھودے گئے نشان میں چلی جائے تو باری بدل جاتی ہے۔
اگر نشانہ نہ لگے تو کھلاڑی گُلی کو دُور پھینکنے کے لیے ڈنڈے کی مدد سے ہوا میں اُچھالتا ہے اور اُسے زوردار ضرب لگاتا ہے۔ جہاں گُلی پہنچتی ہے، وہاں سے مخالف کھلاڑی کو نشانہ باندھنا پڑتا ہے۔ نشانہ خطا ہونے پر ڈنڈے کی چوٹ سے گُلی کو پھر سے دُور بھیجا جاتا ہے۔ اگر مخالف کھلاڑی چوٹ لگی گُلی کو ہوا ہی میں پکڑ لے تو بھی باری بدل جاتی ہے۔

Leave a Comment