ایشیاکپ میں پاک بھارت میچ کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا گیا ہے، پاکستان کی جانب سے وسیم اکرم اور وقار یونس کمنٹری کے فرائض سر انجام دیں گے ۔
نجی ٹی وی “ایکسپریس نیوز “کے مطابق ایشیاکپ کے اہم میچ میں روایتی حریفوں کے تجربہ کار کمنٹیٹرز اپنی ٹیموں کو سپورٹ کرتے نظر آئیں گے، فہرست میں بھارت کی جانب سے سابق کوچ روی شاستری، عرفان پٹھان، گوتم گمبھیر شامل ہیں جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور وقار یونس بھی فرائض سرانجام دیں گے۔
علاوہ ازیں سری لنکا کے رسل آرنلڈ، نیوزی لینڈ کے اسکاٹ اسٹائرس اور بنگلا دیش کے اطہر علی خان کے نام بھی کمنٹری پینل میں شامل ہیں ،واضح رہے کہ ٹی20 ایشیا کپ 2022 دبئی اور شارجہ میں 27 اگست سے 11 ستمبر تک کھیلا جائے گا،افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ 27 اگست کو افغانستان سے ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت 28 اگست کو ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ایونٹ میں بھارت، پاکستان، افغانستان، سری لنکا اور بنگلا دیش کے علاوہ متحدہ عرب امارات، سنگاپور، کویت اور ہانگ کانگ میں سے کوئی ایک ٹیم حصہ لے گی۔