فلم __ Vertigo (1958)

تبصرہ: ناہید اختر بلوچ

سر الفریڈ ہچکاک کے نام سے کون واقف نہیں۔شاید ہی کوئی فلم بین ایسا ہوگا جس نے ان کا نام نہ سنا ہو یا ان کا کوئی ماسٹر پیس نہ دیکھا ہو۔
سر الفریڈ ہچکاک 13 اگست 1899 کو لندن انگلینڈ میں پیدا ہوئے ۔وہ امریکن موشن پکچر کے ڈائرکٹر تھے۔ان کی فلموں کی شناخت سسپنس اور تھرل تھی۔خاص طور پر سائیکالوجیکل تھرلر بنانے میں ان کا کوئی ثانی نہ تھا۔
وہ انسانی نفسیات کی الجھی گرہوں کو بڑے پردے پر پیش کرنے میں ماہر تھے۔
ان کا انتقال 29 اپریل 1980 کو کیلیفورنیا امریکہ میں ہوا۔

ان کی چند بلیک اینڈ وائٹ فلمیں درج ذیل ہیں۔

💿Strangers on a Train
💿Shadow of a Doubt
💿Notorious
💿I Confess
💿The Paradine Case
💿Rebecca
💿Suspicion
💿Spellbound

ان کی مشہور رنگین فلموں کے نام یہ ہیں۔

📀Rear Window
📀Rope (1948)
📀Dial M For Murder
📀North by Northwest
📀Vertigo
📀Marnie (1964)
📀Psycho

انہی رنگین فلموں میں سے ایک مشہور فلم Vertigo ہے۔یہ فلم 1958 میں ریلیز ہوئی جو کہ ایک بہترین تھرلر ہے۔فلم کی کہانی ایک ایسے پولیس آفیسر جان سکاٹی فرگوسن کی ہے جو ایک حادثے کے بعد ایکروفوبیا کا شکار ہوکر اپنی ملازمت سے قبل از وقت ریٹائرڈمنٹ لے کر ایک پرائیویٹ جاسوس بن جاتا ہے۔اس حادثے کا اس کے ذہن پر اتنا برا اثر ہوتا ہے کہ وہ ایک لمبے عرصے تک اس کے زیرِ اثر خوفزدہ رہتا ہے۔
اور پھر اس کا دوست ایلسٹر اس سے درخواست کرتا ہے کہ وہ اس کی بیوی میڈلین کی جاسوسی کرے جو ایک شدید ذہنی عارضے میں مبتلا ہے۔اور یوں اس کی بیوی کی جاسوسی کرتے کرتے اسے اور اس کی بیوی میڈلین کو پیار ہو جاتا ہے۔
فلم ایک ہی نشست میں دیکھنے کی چیز ہے کیونکہ اس کی کہانی لمحہ بہ لمحہ آپ کو اپنے حصار میں جکڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
فلم کی کہانی 1954 میں شائع ہونے والے ناول
D’entre les morts (From Among the Dead)
پر مبنی تھی جو کہ Boileau-Narcejac کا تحریر کردہ تھا۔جبکہ فلم کا سکرین پلے Alec Coppel اور Samuel A. Taylor نے لکھا۔
اس فلم کا اینڈ تو شاید آپ کو ششدر کر دے۔اور آپ اپنی نشست سے کھڑے ہو کر کہیں کہ یہ کیا ہو گیا؟
میڈلین کون تھی ۔۔ایلسٹر کی بیوی یا کوئی اداکارہ ؟
اور دونوں مل کر سکاٹی کے ساتھ کیا کھیل کھیلتے ہیں یہ جان کر آپ یقیناً حیرت زدہ رہ جائیں گے۔
فلم میں جیمز سٹیورٹ اور کم نوواک کی بہترین اداکاری دیکھنے لائق ہے۔
فلم چونکہ 50s کے دور کی ہے تو نئے دور کے فلم بینوں کو قدرے سلو لگ سکتی ہے۔مگر اس کی جاندار کہانی کہیں بھی آپ کو بور نہیں ہونے دے گی۔
اس لیے اگر آپ کلاسک فلموں کے دیوانے ہیں اور سسپنس سے بھی لگاٶ ہے تو پہلی فرصت میں اس فلم کو اپنی لسٹ میں جگہ دیں۔یہ فلم آپ کو مایوس نہیں کرے گی۔

Leave a Comment