اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے مںحرف ہونے والے پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان اسمبلی کو ان کی نشستوں سے برطرف کردیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے 25 منحرف ارکان کے خلاف فیصلہ سامنے آگیا، الیکشن کمیشن نے مںحرف ہونے والے پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان کے خلاف ریفرنس مںظور کرتے ہوئے انہیں اسمبلی کی نشستوں سے برطرف کردیا۔
تحریک انصاف کے جو اراکین پنجاب اسمبلی ڈی سیٹ ہوئے ان میں راجہ صغیر احمد، ملک غلام رسول سنگا، سعید اکبر خان، محمد اجمل، علیم خان، نذیر چوہان، محمد امین ذوالقرنین، ملک نعمان لنگڑیال، محمد سلمان، زوار وڑائچ، نزید احمد خان، فدا حسین، زہرہ بتول، محمد طاہر، عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، ہارون عمران گل، عظمیٰ کاردار، ملک اسد، اعجاز مسیح، سبتین رضا، محسن عطا خان کھوسہ، میاں خالد محمود، مہر محمد اسلم اور فیصل حیات شامل ہیں۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے تین رکن بنچ نے متفقہ فیصلہ سنایا جس نے منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس پر فیصلہ سنایا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے اراکین حمزہ شہباز شریف کو ووٹ دے کر منحرف ہوئے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا جس پر تحریک انصاف نے اپنے ارکان کے خلاف ریفرنس اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس جمع کرایا تھا۔ یہ ریفرنس آرٹیکل 63 اے کے تحت جمع کروایا گیا تھا۔