آپ یہ تو جانتے ہیں کہ جانور پودوں کو کھاتے ہیں لیکن یہ سن کر آپ کو حیرانی ہو گی کہ بعض پودے بھی جانوروں کو کھاتے ہیں اور کچھ پودے حشرات کا شکار کر کے انھیں اپنی خوراک بناتے ہیں۔ ان حشرات خور پودوں کی صف میں سن ڈیو، وینس فلائی ٹریپ اور صراحی دار پودا پچر پلانٹ شامل ہیں۔
صراحی دار پودے میں صراحی نما پتے ہوتے ہیں جن میں بارش کا پانی جمع رہتا ہے۔ شکار پھانسنے کا کام پتے کے سپرد ہوتا ہے۔ صراحی کے منہ پر شہد بنانے والے غدود ہوتے ہیں اور منہ سے آگے اندر کی جانب پھسلنے والا حصہ شروع ہوتا ہے۔ صراحی کے پیندے میں شہد اور بارش کا پانی جمع رہتا ہے جسے حاصل کرنے کے لیے حشرات نیچے اترتے ہیں اور ہمیشہ کے لیے پھنس جاتے ہیں۔ صراحی کی اندرونی دیواروں سے رطوبتیں خارج ہوتی ہیں اور اس کو ہضم کرنے لگتی ہیں۔
سن ڈیو میں اوپر کی سطح پر دائرے کی شکل میں پتے ہوتے ہیں جن پر بہت سے بال ہوتے ہیں۔ ہر بال کے سرے پر چپ چپی مائع کا ایک قطرہ ہوتا ہے۔ سورج کی روشنی میں یہ قطرہ شبنم کی طرح چمکتا ہے۔ جب کیڑا اس چپ چپی مائع پر بیٹھتا ہے تو پتے اور بال اس کے گرد حلقہ ڈال دیتے ہیں اور یوں کیڑا پھنس جاتا ہے۔