تبصرہ: محسن حیات شارف
کافی دن پہلے ”پنچایت“ نام کی ویب سیریز دیکھی تو ہیرو یا مرکزی کردار کو دیکھتے ہوئے ذہن میں یہ خیال بار بار کھٹکنے لگا کہ اسے پہلے کون سی مووی یا سیریز میں دیکھا ہے۔ پھر اچانک ذہن میں جھماکا سا ہوا کہ ارے یہ تو ”کوٹا فیکٹری“ والے جیتو بھائی ہیں۔ سرچ کرنے پر پتا چلا کہ صرف ہیرو ہی نہیں بلکہ پروڈکشن ہاؤس بھی ایک ہی ہے دونوں سیریز کا۔ TVF کی مزید سیریز کے ریویوز پڑھ کر پتا چلا کہ یہ تو سب ایک سے بڑھ ایک ہیں۔ اردگرد موجود حالات، واقعات اور جذبات کو خوبصورتی سے فلمایا گیا ہے۔ ابھی تک صرف دو سیریز دیکھی ہیں۔ باقی واچ لسٹ میں شامل ہیں۔ اس لیے ان دو کی بات کر لیتے ہیں۔
1۔ کوٹا فیکٹری Kota Factory
یہ سیریز رٹا سسٹم اور تعلیمی نظام پر بنائی گئی ہے۔ کوٹا نام کا ایک شہر کہ جہاں کی اکیڈمیاں انٹری ٹیسٹ کی تیاری کروانے کے لیے مشہور ہیں۔ یہ کہانی بھی ایک ایسی اکیڈمی کے سٹوڈنٹس کی ہے کہ جہاں جیتو بھائی پڑھاتے ہیں۔ بچوں کے ساتھ فرینک ہونے اور ان کے مسائل سمجھنے اور حل کرنے کی وجہ سے اسٹوڈنٹس انہیں اسی نام سے پکارتے ہیں۔ سیریز میں بہترین یونیورسٹی میں داخل ہونے سے پہلے ان کے ٹیسٹ کی تیاری کے لیے سب سے اچھی اکیڈمی میں داخل ہونے کے لیے بھی کیسا مقابلہ ہوتا ہے۔ رٹہ سسٹم اور نمبروں کی دوڑ کی وجہ سے ہونے والے ڈپریشن کا ذکر تو کیا گیا ہے لیکن دوستی ، محنت ، ہاسٹل لائف ، دوستوں کے ساتھ موج مستی ، پیپروں کے دنوں میں ٹینشن ، کلاس کا ماحول غرض ہر لحاظ سے ہر بات کو خوبصورتی سے فلمایا گیا ہے۔
2۔ پنچایت Panchayat
کوٹا فیکٹری جیسی ایک اور ہلکی پھلکی ویب سیریز…جیتو کسی بڑے شہر میں بڑی پوسٹ پر کام کرنا چاہتا ہے لیکن اس وقت اس کے پاس صرف ایک ہی جاب آپشن ہے کہ وہ پھولیرہ گاؤں کی پنچایت میں سیکرٹری کا کام کرے۔ وہ مجبور اس گاؤں میں آجاتا ہے اور پھر ہر روز ایک نیا مسئلہ اور نئی کہانی۔ ہر قسط کی کہانی الگ ہے لیکن کردار سارے آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ سیریز کی خوبصورتی اس کی سادہ کہانی اور نیچرل ماحول میں ہے۔ نیچرل کامیڈی اور ایکٹنگ اس سیریز کو کمال کا بنا دیتی ہے۔ یہ کہانیاں ایک گاؤں اور اس سے جڑے لوگوں کی ہیں کہ جو ہنساتی بھی ہیں اور جذباتی بھی ہیں۔ گالیاں، مار کٹائی، ایکشن اور دوڑتی بھاگتی زندگی اور سیریز سے بریک لینے کے لیے اچھی ویب سیریز ہے۔