قومی کرکٹرز کی ٹیسٹ میچ فیس بڑھا کر 8 لاکھ 38ہزار530 روپے کر دی گئی ہے ۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پی سی بی نے یکم جولائی سے شروع ہونے والے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کیلیے 30 جون کو منتخب کرکٹرز کی فہرست جاری کر دی تھی،اس بار ریڈ اور وائٹ بال کی مختلف کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 33پلیئرز کو شامل کیا گیا ہے۔کپتان بابر اعظم،محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی دونوں طرز کی ’’اے‘‘ کیٹیگریز میں شامل ہیں،تمام کیٹیگریز اے، بی ، سی، ڈی اور ای کے کرکٹرز کو ریڈ اینڈ وائٹ بال کی یکساں میچ فیس دی جائے گی، گذشتہ سال کی فیس میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
ٹیسٹ میچ کا معاوضہ بڑھ کر 8لاکھ 38ہزار 530 روپے ہوگیا، پہلے 7 لاکھ 62 ہزار 300روپے ملتے تھے، ون ڈے انٹرنیشنل کی میچ فیس 5لاکھ 15 ہزار 696 روپے ہو گئی، پہلے کا معاوضہ 4 لاکھ 68ہزار815 روپے تھا۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے پر3 لاکھ 72 ہزار75روپے ملیں گے، پرانی فیس 3لاکھ 38 ہزار250 روپے تھی۔