تبصرہ:محسن حیات شارف
بہترین ڈائیلاگز، خوبصورت پرفارمنس اور عمدہ کہانی…
کہانی ہے گھر کے بڑے بیٹے کی کہ جس کی نوکری اچانک چھوٹ گئی ہے اور وہ اس فکر میں ہے کہ گھر والوں کو اس بات کی خبر ہونے سے پہلے ہی وہ دوسری نوکری ڈھونڈ لے۔ اسی کشمکش میں وہ چھٹیوں کا بہانہ کر کے چند دن سکون کرنے گھر آتا ہے لیکن گھر اور خاندانی کاروبار سے جڑے ایسے معاملات سامنے آتے ہیں کہ اس کے اندر ایک جنگ چھڑ جاتی ہے۔
قصہ چھوٹے بھائی کا کہ جو بڑے بھائی کی ذہانت کی مثالیں سن کر خود کچھ بڑا کرنا چاہتا ہے مگر اس جگاڑ میں پیسے غلط گھوڑے پر لگا بیٹھتا ہے۔
بھائی کو بیسٹ فرینڈ سمجھ کر ہر بات شئیر کرنے والی لیکن ان کی مصروفیات سے الجھی ہوئی ایک شوخ بہن کی کہانی…
کشمکش میں مبتلا والدین کہ جو اولاد کے دور جانے پر آہیں بھرتے ہیں لیکن وہی اولاد زیادہ دن گھر فارغ بیٹھی نظر آئے تو اس کے مستقبل کے خواب پریشان کرتے ہیں…
دوست کے ساتھ ہر معاملہ میں شانہ بشانہ کھڑے ہونے والے یار کا قصہ…
قدامت پسندی اور جدید تہذیب کے مابین الجھنیں، جاب اور کاروبار کی مشکلات، کیرئیر بنانے کی دوڑ میں اپنوں کے نظرانداز ہونے کا بیان…یہ سب اس ویب سیریز میں ملے گا۔ اس ویب سیریز کے ڈائیلاگ سپر ہیں۔