بھارتی اداکار راج ببر پر الزام ہے کہ انہوں نے 1996 میں الیکشن کے دوران ایک پولنگ افسر کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لکھنؤ کی مقامی عدالت نے اداکار اور سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما راج ببر کو پولنگ افسر پر تشدد کے الزام میں دو برس قید کی سزا سنائی تاہم بعد ازاں انہیں سزا کیخلاف اپیل کرنے کا موقع فراہم کرتے ہوئے ضمانت دے دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق راج ببر پر سرکاری ملازم کو اپنے فرض کی انجام دہی سے روکنے سمیت دیگر تین الزامات پر فرد جرم عائد ہوئی تھی۔ عدالت نے اداکار پر ساڑھے8 ہزار بھارتی روپے جرمانہ بھی کیا ہے۔
عدالت نے کہا ہے کہ اگر راج ببر نے جرمانہ جمع نہ کرایا تو انہیں 15 دن مزید جیل میں گزارنے پڑیں گے۔
راج ببر کیخلاف 1996 میں ایف آئی آر درج ہوئی تھی، مئی 1996 میں ہونے والے انتخابات میں راج ببر سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر لکھنؤ سے لوک سبھا کی نشست پر الیکشن لڑ رہے تھے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ پولنگ کے دوران راج ببر اپنے حامیوں کے ساتھ پولنگ اسٹیشن پر آئے، پولنگ افسر پر تشدد کیا اور دھاندلی بھی کی۔
جب سزا سنائی گئی تو راج ببر عدالت میں موجود تھے۔ راج ببر ان الزامات سے انکار کرتے رہے ہیں۔