بچے اکثر پھٹی ہوئی کتابوں کو گوند سے جوڑنے بیٹھ جاتے ہیں۔ کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ گوند سے پھٹے ہوئے ورق کس طرح جڑ جاتے ہیں؟ چلیں ہم ہی آپ کو بتا دیتے ہیں۔
دنیا کی ہر چیز چھوٹے چھوٹے ذروں کے ملنے سے بنی ہے۔ ان چھوٹے چھوٹے ذروں کو مالیکیول کہا جاتا ہے۔ گوند بھی مالیکیولوں کے ملنے سے بنتی ہے۔ ہر مالیکیول ایک مقناطیس کی طرح عمل کرتا ہے۔ ایک مالیکیول اِردگرد کے دیگر مالیکیولوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔ کشش کی یہ قوت اتنی تیز ہوتی ہے کہ گوند سوکھ جاتی ہے۔ مالیکیول ایک دوسرے کو سختی سے کھینچتے رہتے ہیں اور وہ چیزیں جنھیں جوڑنا ہوتا ہے، جڑ جاتی ہیں۔
گوند کی کئی قسمیں ہیں۔ بعض کاغذوں کو جوڑنے کے لیے اور بعض لکڑی کو جوڑنے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ کچھ اقسام کی گوند چینی کی مٹی اور شیشے کو بھی جوڑ سکتی ہیں۔ ایک قسم کی گوند ”میوسی لیج“ جانوروں کے سینگوں اور سموں سے بنائی جاتی ہے۔ ”ربڑ سیمنٹ“ جس سے سائیکلوں اور کاروں کی ٹیوبوں میں پنکچر لگائے جاتے ہیں، ربڑ سے بنتا ہے۔ ایک سفید قسم کی گوند دودھ سے بھی بنائی جاتی ہے۔