پاؤں سو کیوں جاتے ہیں؟

پاؤں میں سوئیاں سی چبھنے لگیں اور وہ سن ہو جائے تو ہم کہتے ہیں کہ پاؤں سو گیا ہے۔ ایسا عام طور پر، اس وقت ہوتا ہے جب ہم ٹانگیں دوہری کرکے بیٹھے ہوں۔ مڑی ہوئی ٹانگ ربڑکی اس نلکی کی طرح ہوتی ہے جس میں بل پڑ گئے ہوں۔ جس طرح مڑی ہوئی نلکی میں پانی کا بہاؤ سست ہوجا تا ہے، اسی طرح مڑی ٹانگ کی نالیوں میں خون کے بہاؤکی رفتار سست پڑ جاتی ہے،جس کی وجہ سے خون اپنا کام اچھی طرح نہیں کر سکتا۔ ان کاموں میں ایک کام جسم سے گندے مادوں کو باہر نکالنا ہے۔
جب یہ گندے مادے اپنی جگہ سے نہیں ہلتے تواس پاؤں کے ان اعصاب کے کام میں رکاوٹ پڑتی ہے جو دماغ کو پاؤں کے بارے میں خبریں بھیجتے ہیں۔ اس رکاوٹ کی وجہ سے دماغ کا پاؤں سے تعلق ٹوٹ جاتا ہے اور پاؤں سن ہو جاتا ہے۔ جب ہم پاؤں سیدھا کرتے ہیں تو خون پھر پہلے کی طرح، نالیوں میں بہنے لگتا ہے اور اعصاب کے ذریعے پاؤں کا تعلق دماغ سے قائم ہو جاتا ہے۔

Leave a Comment